Wednesday, May 1, 2024

کراچی : مسافر ٹرینوں میں تصادم‘ 21 افراد جاں بحق‘ 100 زخمی

کراچی : مسافر ٹرینوں میں تصادم‘ 21 افراد جاں بحق‘ 100 زخمی
November 3, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے لانڈھی میں لاہور سے آنے والی زکریا ایکسپریس ٹریک پر کھڑی فرید ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔ خوفناک حادثے میں 21 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ بارہ گھنٹوں سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منزل سے چند سو گز دور جب مسافر سامان سنبھالنے کی فکر میں تھے قیامت ٹوٹ پڑی۔ لانڈھی اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر فرید ایکسپریس کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی ذکریا ایکسپریس ٹکرا گئی۔ ہر طرف تباہی ہی تباہی بکھری ہوئی تھی۔ ٹرین کے ڈبے پٹڑی سے اتر کر زمین میں دھنس گئے۔ khi train علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت مدد کو پہنچے مگر مدد ان کے بس سے باہر تھی۔ انتظامیہ مدد کو پہنچی۔ کٹر سے بوگیاں کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ بھاری مشینری منگوا کر بوگیوں اور انجن کو ٹریک سے ہٹا دیا گیا۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق حادثے کی وجہ سے ٹریک بھی شدید متاثر ہوا جس کی بحالی کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت شروع ہو جائے گی۔ دوسری جانب ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے ریلوے کے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ وہ 8نومبر تک تحقیقات مکمل کریں گے۔