Friday, April 26, 2024

کراچی : دستی بم اور کریکر پھٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی

کراچی : دستی بم اور کریکر پھٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی
May 8, 2016
کراچی (92نیوز) لیاری میں دستی بم اور کریکر پھٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت چودہ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے سنگولین میں دستی بم دھماکے میں ملوث تین ملزموں کوحراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے سنگولین میں پہلا دھماکہ دستی بم کا ہوا جس میں ایک بچی اور خاتون سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے افراد شادی میں شریک تھے جبکہ کچھ قریبی ہوٹل میں بیٹھے تھے۔ دھماکے کے بعدخوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے واردات سے دستی بم کے ٹکڑے اور بارود کے نمونے تحویل میں لئے۔ عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں سول اسپتال میں چھاپہ مارا گیا اور ذوہیب، کامران اور انیس کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزموں نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ ان کا تعلق عزیر بلوچ گروہ سے ہے اور دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ دستی بم سے کھیل رہے تھے۔ کچھ دیر ہی گزری تھی کہ رانگی واڑہ میں کریکر پھٹا جس کی زد میں آ کر 8 سالہ بچہ امان زخمی ہو گیا۔ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ لیاری میں گینگ وار ملزموں کے ازسرنو فعال ہونے کی نشاندہی نائنٹی ٹو نیوز مسلسل کرتا آ رہا ہے۔ پولیس اور حساس اداروں کی رپورٹس میں گینگ وار کمانڈروں کی جانب سے نئے چہروں اور نوجوانوں کو آگ اور خون میں دھکیلنے کے شواہد بھی نائنٹی ٹو نیوز نے ارباب اختیار تک پہنچائے ہیں۔ لیاری پولیس میں موجود گینگ وار کارندوں کے سہولت کار اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والی کالی بھیڑوں کی تمام تفصیلات بھی نائنٹی ٹو نیوز منظر عام پر لا چکا ہے مگر صد افسوس کہ کسی کارروائی کے بجائے وزیر اعلی سندھ، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ محض نوٹس لینے پر اکتفا کر رہے ہیں۔