Sunday, September 8, 2024

کراچی: خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران رینجرز کی اچانک آمد

کراچی: خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران رینجرز کی اچانک آمد
August 21, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) ایم کیو ایم کے خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس کے دوران اچانک رینجرزکی آمد کی خبر آگئی۔ ایم کیوایم کی طرف سے ایک طرف کہا گیا کہ نائن زیرو پر چھاپہ مارا گیا ہے پھر خود ہی غبارے سے ہوا نکال دی گئی اور فاروق ستار نہ کہا کہ یہ تومعمول کا گشت تھا۔ خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے، سوالات جاری تھے کہ فاروق ستار نے بتایا کہ باہر رینجرز اہلکار آگئے ہیں۔ رینجرز کی اچانک آمد کی وجہ سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے ٹویٹ کیا کہ نائن زیرو پر تیسری بار رینجرز کا چھاپہ پڑ گیا ہے مگر رینجرز کے اہلکار کچھ دیر رکنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز اہلکار خورشید بیگم سیکرٹریٹ اور نائن زیرو کے اطراف معمول کے گشت پر آئے تھے اور واپس روانہ ہو گئے۔ پریس کانفرنس کے بعد فاروق ستار رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ باہر آئے اور وہاں موجود لوگوں سے معلومات حاصل کیں۔