Sunday, September 8, 2024

کراچی : حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی کارروائیاں‘ 13 دہشتگرد گرفتار

کراچی : حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی کارروائیاں‘ 13 دہشتگرد گرفتار
March 22, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں حساس اداروں اور پولیس نے القاعدہ برصغیر کے 3 دہشت گردوں اور کالعدم تنظیم کے امیر سمیت 9 کارندوں کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ اوربم بنانے کا سامان برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں حساس ادارے نے رضویہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے امیر سمیت نو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزموں میں جنیدالرحمان‘ عبدالحق حیدری عرف گلن شاہ حیدری‘ زاہد نذیر چوہدری‘ سعید احمد‘ ظفر اقبال‘ معاذ نور‘ خورشید خان‘ محمد ساجد‘ فدا الرحمان اور الطاف عرف شاہد شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی مفتی شاہدالرحمن گروپ سے ہے۔ دہشت گرد جنید الرحمن ساتھیوں سمیت دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ ملزموں سے بھاری اسلحہ‘ ڈیٹونیٹر‘ اور بم بنانے کا سامان برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم پرویزمشرف حملہ کیس‘ پی ایس او ڈائریکٹر‘ ڈاکٹرز اور وکلاءکے قتل سمیت ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزموں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے ڈسٹرکٹ ویسٹ سے القاعدہ برصغیر کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں عثمان‘ عمیر اور امام الدین شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد عمیر مکینکل انجیئنر ہے۔ گرفتار دہشت گرد ڈرون ٹیکنالوجی اور ریڈیو فریکوئنسی بلاک کرنے پر کام کر رہے تھے جبکہ دہشت گرد عثمان کالعدم تنظیموں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا۔