Tuesday, May 7, 2024

کراچی ، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد کپتان کے کھلاڑی بڑا اپ سیٹ کرنے کیلئے ان ایکشن

کراچی ، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد کپتان کے کھلاڑی بڑا اپ سیٹ کرنے کیلئے ان ایکشن
December 30, 2018
کراچی (92 نیوز) کرپشن کے سنگین الزامات کی زد میں آئی پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی  شاہ  کا نام جے آئی  ٹی رپورٹ میں آنے کے بعد  سندھ سرکار ہچکولے کھانے لگی ہے۔ پیپلزپارٹی کی پریشانیوں کا پورا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت سندھ میں اچانک سرگرم ہو گئی ہے اور کپتان کے تجربہ کار کھلاڑی سندھ میں بڑا اپ سیٹ کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ سندھ میں اِن ہاؤس تبدیلی کے مشن کی نگرانی خود وزیراعظم کر رہے ہیں اور وفاقی وزیر اطلاعات  و نشریات فواد چودھری  اس ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے بہت جلد سندھ کی پرواز پکڑنے والے ہیں۔ پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت بھی پوری قوت کےساتھ جوڑ توڑ میں مصروف نظر آ رہی ہے اور علی گوہر مہر کا ’گوہر پیلس‘پیپلزپارٹی کے خلاف  جدو جہد کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بن چکا ہے ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور حلیم عادل شیخ  نے گزشتہ روز مہر برادران سے ملاقاتیں کیں۔ پہلی بیٹھک خانگڑھ کے گوہر پیلس اور دوسری نشست سردار گڑھ کے ریگستانی علاقے قائم علی گوہر مہر کے تار گھر بنگلے میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹیکس علی محمد مہر، علی گوہر مہر، غوث بخش مہر شریک تھے ۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ کی موجودگی میں جی ڈی اے رہنما علی گوہر مہر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں  سندھ کی پل پل بدلتی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ سردار علی گوہر مہر نے وزیراعظم کو دورہ سندھ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ذرائع  بتاتے ہیں پی ٹی آئی کے کانفیڈنس کی سب سے بڑی وجہ پیپلزپارٹی کے وہ ناراض بائیس ارکان ہیں جو کسی بھی وقت ایک فاروڈ بلاک کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ان 22 ارکان کی حمایت کھونے کی صورت میں مراد علی شاہ  کی کپتان خطرے میں پڑ جائے گی۔