Monday, September 16, 2024

کراچی : جہازوں پر لیزر لائٹ مارنے کا سلسلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا

کراچی : جہازوں پر لیزر لائٹ مارنے کا سلسلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا
April 18, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں طیاروں پر لیزر لائٹس اور فلڈ لائٹس مارنے کے واقعات کا سلسلہ جاری۔ پی آئی اے کے طیارے پر لیزر لائٹس اور فلڈ لاٹس مارنے کا نیا واقعہ سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پی آئی اے 581 کی ملتان سے کراچی آنے والی پرواز کو لینڈنگ کے دوران لیزر اور فلڈ لائٹس کا سامنا کرنا پڑا جس کی بنا پر پائلٹس کو لینڈنگ میں دشواری پیش آئی۔ واقعہ گزشتہ رات لینڈنگ سے قبل گیارہ بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔ طیارہ 11 بج کر 20 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اس واقعے سے قبل بھی غیرملکی ائیر لائنوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرچکے جن میں سعودی اور قطر ائیر لائن کے طیاروں پر لیزر لائٹ مارنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ سول ایویشن ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پانچ طیاروں کو لیزر لائٹیں ماری گئی ہیں۔ رات کے اوقات میں بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں کو لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔ زیادہ تر واقعات سپر ہائی وے سے رن وے پر لینڈنگ کے وقت واقعات پیش آرہے ہیں جہاں ریسٹورانٹ پر لیزر فلڈ لائٹس نصب ہیں جن کی وجہ سے کاک پٹ میں موجود پائلٹس کی دیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور لینڈنگ کے دوران کو ئی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈی جی رینجرز سمیت پولیس کے اعلی افسران کو بھی خط لکھے ہیں تاہم اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔