Sunday, May 12, 2024

کراچی ، جامشورو اور ٹھٹھہ میں بچے سمیت چھ افراد کو کتوں نے کاٹ کر زخمی کر دیا

کراچی ، جامشورو اور ٹھٹھہ میں بچے سمیت چھ افراد کو کتوں نے کاٹ کر زخمی کر دیا
January 19, 2020
 کراچی (92 نیوز) اندرون سندھ کتوں کے کاٹنے کے واقعات نہ رک سکے۔ جامشورو اور ٹھٹھہ میں بچے سمیت چھ افراد کو کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا۔ تحصیل میوپورساکرو میں آوارہ کتوں نے 7 سالہ مختیار علی کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا ۔ آوارہ کتوں نے بچے کا سر دبوچ لیا۔ بچے کو تحصیل اسپتال میں ویکسین لگا کر کراچی ریفر کر دیا گیا۔ ادھر جامشورو میں آوارہ کتوں نے 5 افراد کو کاٹ لیا۔ جامشورو کے تعلقہ اسپتال مانجھند میں کتوں کے کاٹے کی ویکسین ناپید ہو گئی۔ اسپتال میں ویکسین نہ ملنے پر لواحقین اور زخمیوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری طرف دادو میں گلی محلوں کے بعد قبرستانوں میں بھی آوارہ کتوں کا راج ہے۔ قبرستانوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے ۔ شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر آنے سے محروم ہیں۔ قبرستان میں آوارہ کتوں کی موجودگی اور قبروں کی بے حرمتی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی لیکن آوارہ کتوں کی بھرمار سے قبروں کی بے حرمتی پر ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ لی ۔