Sunday, May 12, 2024

کراچی، جائیداد کے تنازع پر فائرنگ، 2 سگے بھائی قتل

کراچی، جائیداد کے  تنازع پر فائرنگ، 2 سگے بھائی قتل
April 11, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں جائیداد کے معاملے پرخون سفید ہوگیا، ایک بھائی نے اپنے دو سگے بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعہ میں گھر میں موجود 5 افراد بھی زخمی ہوگئے، اُدھر کراچی میں لاک ڈاؤن کے باوجود ڈکیتی وارداتیں جاری ہیں، پاپوش نگر میں ملزمان نے نجی اسٹور لوٹ لیا۔ کراچی کا علاقہ بنارس چوک پٹھان کالونی میں جائیداد کے تنازع پرسنگدل بھائی نے اپنے ہی دو بھائیوں گُل اور سعید کو موت کے گھاٹ اُتار دیا جبکہ 5 افراد کوزخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق 3 بھائیوں کے درمیان کافی عرصے سے جائیداد کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا، فائرنگ کے بعد راجہ نامی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی تلاش کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران اسٹریٹ کرمنلز سر اٹھانے لگے، پاپوش نگر میں ملزمان کی نجی اسٹور میں لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج 92 نیوز نے حاصل کرلی، جس میں ملزمان کو اسلحے کے زور پر لوگوں کو ڈراتے اور واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ادھر قائدآباد پولیس نے شرط لگا کر مرغے لڑانے والے 13 افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔