Saturday, April 27, 2024

کراچی ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم

کراچی ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم
May 8, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں جلسوں کی سیاست وبال بن گئی۔ حکیم سعید گراونڈ میں جیالوں اور کھلاڑیوں میں تصادم سے گراونڈ میدان جنگ بن گیا۔ صورتحال میں کشیدگی، دو طرفہ پتھراو سے متعدد کارکن زخمی،2 ٹرک اور 3 موٹر سائیکلیں جلادی گئیں۔ جیالوں نے کیمپ اکھاڑا تو کھلاڑیوں کا پارا ہائی ہو گیا۔ تلخ کلامی، تکرار کے بعد جنگ چھڑ گئی۔ دونوں جماعتوں کے پوسٹرز، بینرز اور پینا فلیکس اکھاڑ دیے گئے، تصادم میں میڈیا کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ایک ورکر بھی زخمی ہوا۔ پولیس کافی دیر تک خاموش رہی، کشیدگی بڑھی تو ہوائی فائرنگ کر کے فرض نبھا دیا۔ پتھراؤ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ سے جہاں علاقے میں خوف و ہراس پھیلا، وہیں ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی، رینجرز نےصورتحال پر قابو پایا۔ تصادم کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے الزامات کی سیاست کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر داخلہ سندھ کو ٹیلی فون کر کے تفصیلات طلب کر لی۔ ادھر مشتعل کارکنان کومنتشر کرنے کیلئے وزیر داخلہ اور فیصل واوڈا پہنچے۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا شہرکا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے۔ فیصل واوڈا نے بھی مسئلے کا حل کرنے کا فارمولا پیش کر دیااور کہا کہ امن و امان قائم رہنا چاہیے دونوں جماعتیں جلسے کی جگہ تبدیل کر لیں ۔ دونوں رہنما تو افہام وتفہیم کا درس دیکر روانہ ہوئے لیکن پریس کانفرنس میں سعید غنی اور علی زیدی نے ایک دوسرے کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری گاڑیوں کو جلایا گیا اور کارکنان کو زخمی کیا گیا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما علی زیدی واقعے کی ایف آئی آر درج کروانے تھانے پہنچے لیکن مقدمہ درج  نہ کرنے پرحکومت پر خوب لفظی گولہ باری کی۔ تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما وقار مہدی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے 12 مئی کو ایک بار پھر دہرایا ہے ۔ ہمارے کارکنان پر امن تھے تحریک انصاف نے پہل کی ۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے تاہم حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کون کرے گا اس کا فیصلہ آج ڈی سی آفس میں  میٹنگ کے دوران کیا جائے گا ۔