Wednesday, April 24, 2024

کراچی ، تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن ، ایک ہزار 44 دکانیں مسمار

کراچی ، تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن ، ایک ہزار 44 دکانیں مسمار
November 12, 2018
کراچی (92 نیوز) اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر معاشی حب کراچی میں تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ پانچ روز میں صدر کی ایمپریس مارکیٹ اور اطراف میں ایک ہزار 44 دکانیں مسمار کی جا چکی ہیں۔ کراچی کے گنجان ترین علاقے صدر میں تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر سڑکیں تو سڑکیں، فٹ پاتھ بھی تجاوزات سے پاک ہو گئے۔ ایمپریس مارکیٹ سمیت اطراف میں قائم مارکیٹوں کی ایک ہزار چوالیس دکانیں مسمار کردی گئیں۔ حکام کہتے ہیں ایمپریس مارکیٹ کی اصل شکل بحال کریں گے۔ عدالت عظمیٰ کے حکم پر صدر میں تو ایکشن دکھائی دیا تاہم دیگر علاقوں میں تاحال تجاوزات کی بھرمار ہے۔ لیاقت آباد، نارتھ کراچی، ملیر لیاقت مارکیٹ، اولڈ سٹی ایریا، ایف بی ایریا، بہادر آباد اور گلشن اقبال کی سڑکیں اور فٹ پاتھ بھی محفوظ نہیں۔ کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا دائرہ کار شہر بھر میں پھیلایا جائے گا۔ صدر میں تجاوزات کے خلاف تو آپریشن ہو گیا مگر پارکنگ مافیا کے خلاف موثر کارروائی نہیں کی گئی  جو آپریشن کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔