Wednesday, April 24, 2024

کراچی ، بیشتر ڈرائیورز کے بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے کا انکشاف

کراچی ، بیشتر ڈرائیورز کے بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے کا انکشاف
April 6, 2019

 کراچی (92 نیوز) کراچی میں بیشتر ڈرائیورز کے بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے کا انکشاف ہو گیا۔

 شہر قائد میں گاڑیوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے لیکن ڈرائیونگ  لائسنس کے حصول کا رحجان نہ بڑھ سکا۔ بغیر لائسنس  کے گاڑیاں چلانے والے قوانین سے نابلد ڈرائیورز اکثر  حادثات کا بھی باعث بنتے ہیں۔ رکشہ ، ٹیکسی  کے ڈرائیوز کی بڑی تعداد لائسنس بنوانے کی زحمت ہی نہیں کرتی۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق  کراچی میں اوسطا روزانہ ایک ہزار افراد لائسنس کے لئے رجوع کرتے ہیں۔ لائسنس بنوانے والوں کی تعداد میں ان دنوں زیادہ اضافہ ہوتا ہے جب ٹریفک پولیس کی  جانب سے زیادہ سختی کی جاتی ہے۔

 ڈی آئی جی  عمران یعقوب مہناس کا کہنا ہے کہ  لائسنس ہر ڈرائیور کا قانونی اور بنیادی حق ہے، گاڑی چلانے والے ہر شخص کے پاس لائسنس  لازمی ہونا چاہئے۔

 شہریوں کا بھی کہنا ہے کہ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا  لوگوں کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔ ٹریفک سارجنٹ بھی سب سے ڈرائیور سے لائسنس ہی مانگتا ہے اور نہ ہونے پر چالان کر دیتا ہے۔

شہر ی کہتے  ہیں کہ ٹریفک پولیس  کو ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے افراد کے ساتھ مزید سختی  کرنی  چاہئے۔ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے افراد کو بھاری جرمانے کے ساتھ سخت سزائیں بھی دی جانی چاہیں۔