Thursday, April 18, 2024

کراچی: بھیم پورہ میں رینجرز کا سنی تحریک کے دفتر پر چھاپہ، ایک گھنٹہ تک سرچ آپریشن کیا گیا، آٹھ افراد حراست میں لے لیے

کراچی: بھیم پورہ میں رینجرز کا سنی تحریک کے دفتر پر چھاپہ، ایک گھنٹہ تک سرچ آپریشن کیا گیا، آٹھ افراد حراست میں لے لیے
June 18, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی کے علاقے بھیم پورہ میں رینجرز کی بھاری نفری نےمعین پلازہ میں قائم سنی تحریک کے دفتر اور عمارت کے مختلف فلورز پر سرچ آپریشن کیا اور آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا۔ چھے موبائلوں اور ایک ٹرک پر سوار رینجرز کی نفری نے معین پلازہ کا گھیراؤ کیا اور آمدورفت کے راستے بند کر دیئے۔ چھاپے کے وقت معین پلازہ میں قائم سنی تحریک کے ہیڈکوارٹرز میں استقبال رمضان کانفرنس جاری تھی جس میں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ رینجرز نے سنی تحریک کے ہیڈ آفس اور معین پلازہ کے مختلف فلورز پر واقع گھروں کی تلاشی لی۔ ایک گھنٹے تک سرچ آپریشن کے بعد رینجرز کی نفری واپس چلی گئی۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنما شاہد غوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے افسروں نے ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی، ان کا برتاؤ بھی اچھا تھا۔ سنی تحریک کی جانب سے کارروائی میں کوئی مداخلت نہیں کی گئی۔ سنی تحریک کے یونٹ اور سیکٹر انچارجز سمیت آٹھ کارکنوں کو شبے کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔ رینجرز نے یقین دلایا ہے کہ اگر زیرحراست افراد بے گناہ ہوئے تو چھوڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کراچی میں رینجرز کے آپریشن کی حمایت کرتی ہے۔ شاہد غوری کا کہنا تھا کہ زیرحراست افراد جرائم کے مرتکب پائے گئے تو ان کی حمایت نہیں کریں گے۔