Wednesday, May 8, 2024

کراچی: بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی مہم ختم، سیاسی جماعتوں اور گروپوں میں تصادم، ہاتھا پائی اور ڈنڈے لاٹھیوں کا استعمال

کراچی: بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی مہم ختم، سیاسی جماعتوں اور گروپوں میں تصادم، ہاتھا پائی اور ڈنڈے لاٹھیوں کا استعمال
December 4, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں میں تصادم ہوا۔ محمود آباد اور گل پلازہ کے قریب جھگڑے کے دوران چھے افراد زخمی ہو گئے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بڑے معرکے کے لیے انتخابی مہم ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل سیاسی جماعتوں اور گروپوں میں تصادم ہوئے۔ ریلیوں اور جلسوں کا خاتمہ ہوا تو اسی دوران محمود آباد میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان لڑ پڑے۔ ہاتھا پائی ہوئی اور ڈنڈے لاٹھیاں چلیں۔ ایم کیو ایم کے الیکشن آفس کو بھی نقصان پہنچا تاہم پولیس کی نفری نے بروقت پہنچ کر صورتحال کو قابو کر لیا۔ ادھر گل پلازہ کے قریب بھی پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی بیٹھک پر مخالفین نے حملہ کیا۔ ماردھاڑ کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے چار کارکن زخمی ہوئے۔ کارکنان کے کپڑے اور سر پھٹ گئے مگر پولیس کا کہنا تھا کہ صرف تلخ کلامی ہوئی تھی۔ دوسری جانب سرجانی ٹاؤن میں یوسی انتالیس سے کونسلر کے لیے آزاد امیدوار پراسرار طور پر جل گیا۔ زخمی عبدالرشید کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے گھر کے باہر جلانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق عبدالرشید کی حالت خطرے سے باہر ہے۔