Friday, April 26, 2024

کراچی برائیڈل فیشن ویک اختتام پذیر‘ جاوید شیخ اور دیگر شوبز سٹارز کی شرکت

کراچی برائیڈل فیشن ویک اختتام پذیر‘ جاوید شیخ اور دیگر شوبز سٹارز کی شرکت
May 9, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں برائیڈل فیشن ویک کے آخری روز فنکاروں کی کہکشاں ریمپ پر اتر آئی۔ مرد اور خواتین کے عروسی ملبوسات کی نمائش کی گئی۔ دولہوں کے لباس بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری برائیڈل فیشن ویک کے آخری روز ملک کی ٹاپ ماڈلز ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔ نت نئے ڈیزائنوں اور زرق برق لباس پہنے دلہنوں کی پرفارمنس نے فیشن ویک کو چار چاند لگا دیے۔ لباس میں روایت کے ساتھ جدت کا خوبصورت ملاپ شامل تھا۔ شیفون ، ریشم اور نیٹ پر گوٹہ، زری اور دبکے کا کام شاندار تھا۔ ملبوسات پر جڑے رنگ برنگے نگینے‘ روشنی منعکس کرتے زرقون نے تو جیسے خوبصورتی کو چار چار چاند لگا دیے۔ بات دلہنوں کی ہو اور دولہوں کا ذکر نہ ہو کیسے ممکن تھا۔ نوشہ حضرات کے لیے بھی کڑھائی والے کرتوں کے ساتھ کامدار شالیں، نگینہ جڑی پگڑیاں اور میچنگ کھسوں کی نمائش کی گئی۔ برائیڈل فیشن شو میں ٹاپ ماڈل نادیہ حسین سنیتا مارشل‘ علی عباس کے ساتھ چوٹی کے اداکار اعجاز اسلم، احسن خان، سمیع خان نے ریمپ پر واک کی۔ سپراسٹار جاوید شیخ شوبز ستاروں کے ساتھ اسٹیج پر آئے اور محفل لوٹ لی۔