Thursday, May 9, 2024

کراچی بحالی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا گیا

کراچی بحالی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا گیا
December 31, 2019

 کراچی (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے ایم کیوایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے اور اہم وزارتیں دینے کی پیشکش نے سیاست میں نئی ہلچل مچا دی۔ کراچی بحالی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ۔

اجلاس کی صدارت اسد عمر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم کیو ایم کے رہنما بھی شریک ہونگے  جن کے گلے شکوے دور کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی سمیت دیگر اراکین شریک ہونگے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ رہنما کنورنوید جمیل اور میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ہنما شریک ہونگے۔ ترجمان ایم کیوایم کا کہنا تھا ایم کیوایم کراچی کےمسائل پر پہلے بھی آواز اٹھاتی رہی ہے، آئندہ بھی آٹھائےگی۔

بلاول بھٹو کی ایم کیو ایم کو آفر کے بعد حکومت بھی متحرک ہوگئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومتی رابطہ کمیٹی کو ایم کیو ایم سے ملاقات کا گرین سگنل دیدیا۔

 ذرائع کے مطابق حکومتی رابطہ کمیٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ملاقات رواں ہفتے متوقع ہے۔ جہانگیر ترین کی سربراہی میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کے مطالبات پر بات چیت ہوگی۔ حکومت کی اتحادی جماعت کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا۔ متحدہ کے گمشدہ کارکنان اور فنڈز کے اجرا سے متعلق بھی گفتگو ہو گی۔