Thursday, April 18, 2024

کراچی، باپ کی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی، اہلیہ اور بیٹا زخمی

کراچی، باپ کی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی، اہلیہ اور بیٹا زخمی
November 23, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں باپ نے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی جبکہ اہلیہ اور بیٹا شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے گھر کے سربراہ کا موبائل فون تحویل میں لے لیا جبکہ گھر سے ملنے والی ہتھوڑی اور دیگر سامان کا فرانزک کروایا جائے گا ۔ لاشوں کی شناخت 40 سالہ کاشف اور 10 سال کی زینب کے ناموں سے ہوئی۔ زخمیوں میں 35 سال کی صوفیا اور 9 سال کا بیٹا ایان شامل ہیں۔ ایس پی گلبرگ ایازعمرانی کے مطابق کاشف چھت سے گرا ہے اور معاملہ خودکشی کا ظاہر ہوتا ہے۔ کاشف نے کسی بھاری چیز سے بیوی اور بچوں کو زخمی کیا، جن میں سے بیٹی دم توڑ گئی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم کا کہنا ہے کہ چھت سے گرنے کے باعث کاشف کے جسم پر فریکچرز اور سر کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی۔ کے ڈی اے فلیٹس کے چوکیدار محمد شمسی کا کہنا ہے دفتر کی صفائی کرتے ہوئے ہلاکت کا علم ہوا۔ باپ اور بیٹی کی ہلاکت پر علاقہ مکین بھی انتہائی حیران اور پریشان ہیں۔ علاقہ مکین کہتے ہیں کاشف 5 وقت کا نمازی تھا، ان کے گھر سے کبھی جھگڑے کی آواز تک نہیں آئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کاشف نے مرنے سے پہلے ایک رشتہ دار کو فون کیا، اور کہا کہ سب کچھ ختم ہوگیا جبکہ کاشف کا موبائل فون تحویل میں لے لیا ہے۔