Thursday, March 28, 2024

کراچی : بارش سے 250 فیڈر ٹرپ کر گئے‘ حادثات میں دو افراد جاں بحق

کراچی : بارش سے 250 فیڈر ٹرپ کر گئے‘ حادثات میں دو افراد جاں بحق
August 27, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں بارش سے ایک بار پھر نظام زندگی متاثر۔ بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کے 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر جبکہ مختلف واقعات میں ایک خاتون اور بچے سمیت دو افراد جاں بحق‘ تین بچے زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اچانک گہرے اور کالے بادلوں کی گھٹا نے شہرقائد کو دھو ڈالا۔ چمکتی دھوپ میں ایک دم چھا جانے والے بادل برسنے سے موسم انتہائی خوشگوارہوگیا۔ آج صبح سے شدید گرمی اورحبس تھا۔ درجہ حرارت چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا تھا کہ پورے شہر کو کالے بادلوں نے لپیٹ لیا اور بھر بادل نہ صرف گرجے بلکہ کھل کر برسے جس کی وجہ سے ٹول پلازا کے نزدیک خلجی گوٹھ میں دیوار گرنے سے ایک 14 سالہ جوان جاں بحق‘ تین بچے زخمی جبکہ شاہ فیصل کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون بھی جاں بحق ہو گئی۔ بارش سے کراچی کا موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن دوسری جانب شہر میں دوسو پچاس سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے سے شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی معطل ہو گئی۔ دھواں دھار بارش سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ حد نگاہ پچاس میٹررہ گئی تھی۔ ایئرپورٹ پر اب تک بیالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے کراچی سے ملتان جانے والی پرواز ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ بارش اور تیز ہواوں سے سپر ہائی وے پر سجنے والی ایشیا کی سب سے بڑی منڈی میں لگے ٹینٹ اکھڑ گئے جبکہ منڈی میں پانی بھی کھڑا ہو گیا۔ کئی ٹینٹ جانوروں پر بھی آ گرے۔ منڈی میں کھڑے پانی کو نکالنے کے لیے موٹرپمپس منگوا لی گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹے میں درمیانے درجے کی بارش جبکہ شمال مشرقی علاقوںمیں 25 سے 30 ناٹیکل مائل کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بارش کا یہ نیا سلسلہ بھارتی ریاست راجستھان سے پاکستان میں داخل ہونے والے سسٹم کی وجہ سے ہوا جس کے تحت آئندہ ایک دو روز میں مزید بارش کا امکان ہے۔