Saturday, May 18, 2024

کراچی: ایم کیو ایم کارکن عظمت حسین کا معروف قانون دان منصوب قریشی کے قتل کا اعتراف، چالان عدالت میں پیش

کراچی: ایم کیو ایم کارکن عظمت حسین کا معروف قانون دان منصوب قریشی کے قتل کا اعتراف، چالان عدالت میں پیش
May 13, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں معروف قانون دان منصوب قریشی قتل کیس میں پولیس نے چالان پیش کردیا۔ چالان کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن عظمت حسین نے منصوب قریشی کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ منصوب قریشی ایڈوکیٹ صولت مرزا اور شعیب خان سمیت دیگر اہم مقدمات کی پیروی کر رہے تھے۔ معروف قانون دان منصوب قریشی قتل کیس کا چالان سندھ پولیس نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کر دیا۔ چالان کے متن کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن سید عظمت حسین نےجوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے منصوب قریشی کو قتل  کرنے کا اعتراف کر لیا۔ متن کے مطابق ملزم سے آلہ قتل برآمد کیا جا چکا ہے جبکہ ملزم کو 4 گواہوں نے شناخت بھی کر لیا ہے۔ ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 15 ستمبر 2001 میں آرام باغ کے علاقے میں منصوب قریشی کو قتل کیا۔ قتل کی واردات میں استعمال ہونے والی بندوق کی گولی اور ملزموں سے برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک لیبارٹری میں میچ کر گیا۔ پولیس کے مطابق منصوب قریشی قتل کیس میں ایم کیوایم کے کارکن عبدالوہاب، شہزاد عرف مٹھو، ناصر عرف گوٹرو مفرور ہیں۔ ملزم عظمت اور حمید عرف پپو کو رینجرز نے گرفتار کیا تھا۔