Thursday, April 25, 2024

لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے کا شکار

لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے کا شکار
May 22, 2020
 کراچی (92 نیوز) لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے کا شکار ہو گئی۔ پی آئی اے کی فلائٹ 8303 لاہور سے کراچی روانہ ہوئی تھی ۔ طیارہ فنی خرابی کا شکار ہوا۔ لینڈنگ سے قبل وہیل نہیں کھل سکے۔ طیارہ ماڈل کالونی میں گرا۔ حادثے میں 4 سے 5 مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ بدقسمت طیارے میں عملے کے 7 ارکان سمیت 98 مسافر سوار تھے۔ حادثے کا شکار طیارے کو کیپٹن سجاد گل  اڑا رہے تھے ۔ فرسٹ آفیسر عثمان اعظم، فرید احمد ، عرفان رفیق عملے میں شامل تھے۔ کریو ممبرعبدالقیوم اشرف، مدیحہ ارم ، آمنہ عرفان ، عاصمہ شہزادی شامل تھے۔ طیارے میں  85 مسافر اکانومی کلاس اور 6 مسافر اکانومی پلس  کے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ ہیلی کاپٹرز جائے حادثہ پر نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز امدادی کارروائیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ شہبازشریف نے پی آئی اے مسافر طیارے کے حادثے پر  شدید رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ایئر بس حادثے پر پوری قوم کو دلی رنج ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرائی جائے کہ یہ اندوہناک  حادثہ کس طرح پیش آیا۔ جناح اور سول اسپتال سمیت کراچی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، تمام اسٹاف کو فوری اسپتالوں میں پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔