Sunday, September 8, 2024

کراچی اور نوابشاہ میں ٹریفک حادثات نے 8 افراد کی جان لے لی

کراچی اور نوابشاہ میں ٹریفک حادثات نے 8 افراد کی جان لے لی
July 19, 2020
کراچی/  نوابشاہ (92 نیوز) کراچی اور نوابشاہ میں خوفناک ٹریفک حادثات نے 8 افراد کی زندگیوں کے چراغ گُل کردیئے، کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے ایک بچے سمیت 3 افراد اور نوابشاہ میں ٹریلر اور بس کے تصادم کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ کراچی میں تیزرفتاری نے 3 زندگیاں اجاڑ دیں۔ شہید ملت روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار 3  افراد جان کی بازی ہارگئے۔ حادثے اس قدر خوفناک تھا کہ مرد، خاتون اور بچہ موقع پر ہی دم توڑگئے ۔۔ جاں بحق افراد میں عبدالشکور اُن کی اہلیہ نور صباء اور پوتا عبدالغفور شامل ہیں۔ عینی شاہدین نے ڈپمر ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا۔ جاں بحق افراد کا تعلق کورنگی کی بلال کالونی سے تھا، جنکی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں، جبکہ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا۔ نوابشاہ میں بھی گزشتہ رات قومی شاہراہ پر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد لقمہ اجل بن گئے، اور 28 زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کا شکار بدقسمت بس مانسہرہ سے کراچی جا رہی تھی، زخمیوں کو قاضی احمد اور پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سہولیات کا بھی فقدان رہا، اور زخمیوں کو فرش پر لٹاکر طبی امداد دی گئی، جبکہ ڈاکٹر بھی غائب تھے۔