Wednesday, April 24, 2024

کراچی : القاعدہ برصغیر کے مقامی کمانڈر سمیت تین دہشت گرد ہلاک

کراچی : القاعدہ برصغیر کے مقامی کمانڈر سمیت تین دہشت گرد ہلاک
May 29, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے لانڈھی گلشن بونیر میں پولیس سے مقابلے میں تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ایس ایس پی راو انوار کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پولیس اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے اور کراچی میں دہشت گردی کے لیے دوبارہ منظم ہورہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مضافاتی علاقے لانڈھی گلشن بونیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیراو کر لیا۔ سرچ آپریشن شروع ہوا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ سے تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ایس ایس پی ملیر راو انور نے بتایا کہ مرنے والوں میں القاعدہ برصغیر کا مقامی کمانڈر ریاض عرف راجہ شامل ہے جو پولیس اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ دہشت گردوں نے کراچی میں کئی حساس تنصیبات اور پولیس افسروں کی ریکی بھی کر رکھی تھی۔ ملزموں کے قبضے سے ایس ایم جی، نائن ایم ایم اور ٹی ٹی پستول برآمد ہوا۔ دوسری جانب رینجرز نے بھی لانڈھی‘ بلدیہ اور شاہ فیصل کالونی میں چھاپے مار کر سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر سمیت چار ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق ٹارگٹ کلر سے آٹھ ایس ایم جیز‘ دو ہزار چھ سو تین گولیاں اور حشیش کے چالیس پیکٹس بھی برآمد کئے گئے۔