Tuesday, April 23, 2024

کراچی: الطاف حسین اور دیگر کیخلاف مقدمات کے بعد دلچسپ صورتحال، گرفتاریوں سے متعلق پولیس حکومتی پالیسی کی منتظر

کراچی: الطاف حسین اور دیگر کیخلاف مقدمات کے بعد دلچسپ صورتحال، گرفتاریوں سے متعلق پولیس حکومتی پالیسی کی منتظر
July 16, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں ایم کیو ایم کے قائد اور رہنماوں کے خلاف مقدمات کے بعد دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ مقدمات میں ہائی پروفائل شخصیات کے نامزد ہونے کے باعث سندھ پولیس گرفتاریوں سے متعلق سندھ حکومت کی پالیسی کی منتظر  ہے۔ سندھ حکومت کے سربراہ قائم علی شاہ اور وزیر داخلہ ملک میں موجود ہی نہیں۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی متنازعہ تقریر پر دس مقدمات کے اندراج کے بعد سندھ پولیس مشکل میں پڑ گئی ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ مقدمات میں ممبران صوبائی اور قومی اسمبلی سمیت کئی ہائی پروفائل شخصیات نامزد کی گئی ہیں اور اب ان کی گرفتاریوں کے لیے حکومت سندھ کی پالیسی کا انتظار ہے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ان گرفتاریوں کے بعد ردعمل اور شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے تاہم اب تک واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب سندھ حکومت کے سربراہ سائیں قائم علی شاہ اور وزیر داخلہ سہیل انور سیال بیرون ملک جا چکے ہیں جس کے باعث سندھ پولیس تذبذب کا شکار ہے۔