Saturday, April 20, 2024

کراچی آپریشن کے ثمرات !!! شہریوں نے عید کیلئے 70ارب کی خریداری کر کے 10سالہ ریکارڈ توڑ دیا

کراچی آپریشن کے ثمرات !!! شہریوں نے عید کیلئے 70ارب کی خریداری کر کے 10سالہ ریکارڈ توڑ دیا
July 20, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں امن و امان بہتر ہونے پر عید الفطر پر خریداری کا گزشتہ دس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ تفصیلات کے مطابق آل کراچی تاجر اتحاد کا کہنا ہے شہر کے پچیس مختلف بازاروں اور ڈھائی سو مارکیٹوں میں عید کے موقع پر ستر ارب روپے کی خریداری کی گئی۔ کراچی آپریشن کے ثمرات نظر آنے شروع ہوگئے۔ بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور بے امنی کے زخموں سے چور کراچی میں ایک بار پھر رونقیں لوٹ آئیں۔ کراچی آپریشن کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ صرف عید سیزن میں خریداری کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ شہریوں نے اس بار خریداری پر 70ارب روپے خرچ کرڈالے ہیں۔ اسٹریٹ کرائمز اور جبری وصولیوں سے پریشان تاجر اب خود کہتے ہیں کہ بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمزمیں 95فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ کاروباری طبقے کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے پاکستان کے معاشی حب کی ڈوبتی سانسیں پھر بحال کردی ہیں۔ تاجر پرامید ہیں کہ آنے والے وقت بھی شہر میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دے گا۔