Friday, April 26, 2024

کراچی آپریشن میں مصروف پولیس اپنی ہی تنصیبات کی سکیورٹی سے غافل

کراچی آپریشن میں  مصروف پولیس اپنی ہی تنصیبات کی سکیورٹی سے غافل
March 27, 2015
کراچی(92نیوز)آپریشن میں مصروف کراچی پولیس اپنی ہی تنصیبات کی سیکیورٹی سے غافل ہے بلکہ مشکوک افراد کی نگرانی میں غیر ذمہ دارانہ رویے کا پول حساس اداروں نے کھول دیا ۔ کراچی پولیس حیران کن طور پر اپنی اور دفاتر کی سیکیورٹی سے ایسی غافل ہوئی کہ حساس اداروں کوخطرے کی گھنٹی بجانا پڑگئی ۔ 92 نیوز کو موصول ہونے والے مراسلوں کے مطابق پولیس کو تنبیہ کی گئی ہے کہ حسن اسکوائر سے متصل پولیس سیکیورٹی زون 2، محافظ بیس اور کورٹ پولیس کے دفاتر تخریب کاروں کا نشانہ بن سکتے ہیں جس کی وجہ ہےسیکیورٹی کے ناکافی انتظامات ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان تین حساس مقامات پر بعض اوقات صرف ایک اہلکار سیکیورٹی پر مامور رہتا ہے۔ دوسری جانب مشکوک افراد کی فہرست میں نامزد 4 افراد فیض الرحمن، فضل کریم، فرقان اعوان اور ناصر اقبال کے بھی تخریب کاری میں ملوث ہونے کے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ مراسلے میں آئی جی سندھ کو کہا گیا ہے کہ ان افراد کا تھانوں سے غیر حاضر رہنا خطرناک ہے اور یہ کسی بھی وقت ملک سے فرار ہو سکتے ہیں۔ جیل پولیس کو بھی حساس اداروں نے آڑے ہاتھوں لیا اور بتایا کہ کالعدم تنظیم کے قیدی امین معاویہ سے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد ملاقاتوں کے لئے آرہے ہیں جن سے فوری طور پر پوچھ گچھ شروع کی جائے۔