Friday, April 19, 2024

کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے:نواز شریف

کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے:نواز شریف
March 25, 2015
کراچی(ویب ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف نے روایتی انداز ترک کر دیا سیاسی معاملات سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے ساری توجہ کراچی میں امن و امان پر مرکوز کر دی۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ شہر میں جاری  آپریشن منطقی انجام تک پہنچا کر ہرصورت امن لائیں گے۔ وزیراعظم  نواز شریف کی زیر صدارت  فیصل ایئر بیس پر کراچی میں امن وامان کی صورتحال سےمتعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، کور کمانڈر اور  ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نہ تو وزیراعلیٰ ہاؤس گئے اور نہ ہی گورنر ہاؤس کا رخ کیابلکہ غیرجانبدار رہتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ کراچی میں امن وامان پر مرکوز رکھی۔ اُنہوں نے روایتی سیاستدان کا رویہ ترک کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو ملاقات کا وقت بھی نہ دیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ بھی بعد میں آئے۔ امن وامان کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے ون ٹو ملاقات بھی کی۔ ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر نے وزیراعظم کو کراچی میں جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے امن وامان کی صورتحال اورجرائم میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ  امن اور استحکام کراچی کا مقدر بن کر رہےگا،شہر  کا امن ہر صورت واپس لاکررہیں گے۔ گورنرعشرت العباد کے اجلاس میں شریک نہ ہو نے کو مبصرین اچھا شگون قرار دے رہے ہیں کیو نکہ تیئس مارچ کو گورنر ہاؤس میں متنازعہ گورنر سے ایوارڈز دلائے جانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔