Sunday, September 8, 2024

کراچی آپریشن معیاد اور رفتار کی قید سے آزاد ہے  : ڈی رینجرز سندھ

کراچی آپریشن معیاد اور رفتار کی قید سے آزاد ہے  : ڈی رینجرز سندھ
March 20, 2016
کراچی(92نیوز)ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبرکا کہنا ہےکہ موجودہ آپریشن معیاد اور رفتار کی قید سے آزاد ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی دہشت گردوں کو اپنی صفوں میں پناہ نہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بریگیڈیئر رشید ملک کی سربراہی میں آل پاکستان سکیورٹی سروسز ایسوسی ایشن کے ستررکنی وفد نے  رینجرز ہیڈ کوارٹر سندھ کے  دورہ کے دوران کیا ۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے وفد کا استقبال کیا اور امن و امان و رینجرز آپریشن سے متعلق وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا  کہ  رینجرز آپریشن کسی ایک پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ رینجرز کا مشن صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ  مذہبی و سیاسی جماعتوں کو بھی یہ چاہیئے کہ وہ جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کو اپنی صفوں میں پناہ نہ دیں ڈی  جی رینجرز  نے مزید کہا کہ  موجودہ آپریشن معیاد اور رفتار کی قید سے آزاد ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، ڈی جی رینجرز نے کراچی میں کام کرنیوالی سکیورٹی کمپنیز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو مشکل حالات  میں بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ  سکیورٹی کمپنیز بھی اپنی سطح پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ معلومات شیئر کرینگی، جس کیلئے پاکستان رینجرز سندھ کی سطح پر لائحہ عمل واضح کیا جائیگا۔ بریگیڈیئر رشید ملک اور شرکا نے رینجرز کی جانب سے کراچی میں امن و امان کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آپریشن اسی جذبے اور شدت  کے ساتھ جاری رہے گا۔