Thursday, April 18, 2024

کراچی آپریشن جاری رہے گا : ڈی جی رینجرز کااعلان

کراچی آپریشن جاری رہے گا : ڈی جی رینجرز کااعلان
November 26, 2016

کراچی (92نیوز) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے ضروری ہے آپریشن جاری رہے۔ ہماری ذمے داری ہے کہ کراچی کے شہریوں کو دوبارہ ایسی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا فخر تھا اور رہے گا۔ انہوں نے کہا سندھ رینجرز کے تحت ہزاروں نوجوانوں کی تربیت کے لیے تین اہم پروگرام شروع کیے جارہے ہیں جس کے لیے اسکلز ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کر رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ان علاقے کے لوگوں کو شامل کریں جہاں ہنگامے زیادہ ہیں۔ اسکلز سینٹر سے فارغ ہونے والوں کے لیے روشن مستقبل ہے۔

سی پیک سے لاکھوں ملازمتیں ملیں گی۔ شہداءکے لواحقین کو اسکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا پروگرام متاثرین سپورٹ پرگرام ہے جس میں سندھ رینجرز صوبائی حکومت کی مدد سے دہشت گردی کے واقعے کے متاثرین کی مدد کی جائے گی اور ان کو قانونی مدد، میڈیکل‘ تعلیمی سپورٹ بھی دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ تیسرے پروگرام کے تحت ری ہیبلی ٹیشن سینٹر شروع کر رہے ہیں۔ ایسے بچے جو اردگرد کے ماحول کی وجہ سے غلط صحبت میں چلے گئے مگر کوئی سنگین جرم نہیں کیا ان کی مدد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 32 بچے اس پروگرام کو جوائن کر چکے ہیں۔