Thursday, April 18, 2024

کراچی : 38 مقدمات میں نامزد وسیم اختر نے میئر کراچی کا حلف اٹھا لیا

کراچی : 38 مقدمات میں نامزد وسیم اختر نے میئر کراچی کا حلف اٹھا لیا
August 30, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کو میئر مل گیا۔ متحدہ کے وسیم اختر نے میئر کراچی اور ارشد وہرہ نے ڈپٹی میئر کا حلف اٹھا لیا۔ ریٹرننگ افسر سمیع صدیقی نے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق وسیم اختر کو شہر قائد کی چابی سونپ دی گئی۔ انہیں میئرکراچی کی حلف برداری کیلئے جیل سے بکتر بند گاڑی میں لایا گیا۔ کراچی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کی حلف برداری کی تقریب پولو گراونڈ میں ہوئی۔ کراچی کے نئے مئیر وسیم اختر نے کہا کہ حلف لینے کے بعد ان کا سیاست سے تعلق ختم ہو گیا ہے۔ وہ کسی سے اپوزیشن نہیں رکھیں گے بلکہ سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے حلف برداری کی تقریب یقینی بنانے پر سپریم کورٹ‘ وفاقی اور صوبائی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ حلف برداری کے بعد خطاب میں وسیم اختر نے کہا کہ آٹھ سال بعد کراچی کو مئیر ملا ہے اور وہ منتخب ہونے کے نو مہینے بعد حلف اٹھا رہے ہیں لیکن نو ماہ بعد حلف اٹھانا بھی نارمل ڈلیوری نہیں تھی۔ انہوں نے اس کے لیے بہت مشکلات دیکھی ہیں۔ نئے مئیر وسیم اختر نے کراچی کی خدمت کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ ان کی نیت صاف ہے اور وہ پاکستان کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی بقا کے ساتھ ہی سب کی بقا ہے اور وہ پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ وسیم اختر نے کراچی کے عوام‘ وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ عدلیہ کے مشکور ہیں جس کے آرڈر سے ہی آج کا مرحلہ طے پایا ہے۔ وسیم اختر نے اپنی تقریر میں جئے متحدہ‘ جئے بھٹو اور جئے عمران خان کا نعرہ بھی لگایا اور کہا اب سب کو تسلی ہو جائے گی۔ سب مل کر کراچی کے مسائل حل کریں گے۔ وسیم اختر کے خطاب کے دوران پولو گراونڈ میں شور شرابہ بھی ہوا اور پاکستان زندہ باد اور الطاف کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے گونجتے رہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے منتخب میئر وسیم اختر پر اڑتیس مقدمات قائم ہیں جن میں اشتعال انگیز تقریر کے 25‘ سولجر بازار میں انتخابی مہم کے دوران جلاو گھیراو اور ہنگامی آرائی کا مقدمہ‘ پانچ جون کو وزیراعلیٰ ہاوس کے سامنے مٹکے توڑنے اور احتجاج کا مقدمہ‘ 5 جولائی کو اشتعال انگیز تقریر کا مقدمہ‘ ملیر اور تھانہ سچل میں دو مقدمات اور تھانہ ایئرپورٹ میں درج سات مقدمات شامل ہیں۔