Friday, April 19, 2024

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا دن نیوزی لینڈ کے نام

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا دن نیوزی لینڈ کے نام
November 18, 2016

کرائسٹ چرچ (92 نیوز) کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 29 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جمعے کو جب دوسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو جیت راول 55 اور ہینری نیکولز 29 رنز پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے تینوں فاسٹ بولرز کا آغاز اچھا تھا۔ محمد عامر، سہیل خان اور راحت علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جیت راول نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 89 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

محمد عامر نے اوپنر ٹام لیتھم کو ایک رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

اس سے قبل کولن ڈی گرانڈہوم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے اپنے پہلے ہی میچ میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستان ٹیم کو بڑا سکور کرنے سے روک دیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو 88 کے مجموعی سکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔

کولن ڈی گرینڈہوم نے چھ، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 31 رنز بنائے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اظہر علی نے 15، سمیع اسلم نے 19، بابر اعظم نے سات، یونس خان نے دو، اسد شفیق نے 16، سرفراز نے سات، محمد عامر نے تین، سہیل خان نے نو رنز بنائے۔

واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی تھی۔

اس دورے کے دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کے بعد پاکستان دورہ آسٹریلیا کے لیے روانہ ہو جائے گا۔

پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچی ہے لیکن اس جیتی ہوئی سیریز کا اختتام شارجہ ٹیسٹ کی شکست کی صورت میں ہوا تھا۔