Sunday, May 12, 2024

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں محتاط بیٹنگ جاری

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ،  نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں محتاط بیٹنگ جاری
January 4, 2021

کرائسٹ چرچ (92 نیوز) کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل جاری ہے۔ نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں محتاط بیٹنگ کر رہی ہے۔ کیویز کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کیوی بلے باز پاکستانی باؤلرز پر حاوی رہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس کی شاندار بیٹنگ سے پاکستانی باؤلرز مہمان ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہے تو نو بال اور مس فیلڈنگ نے کیوی بیٹسمینوں کو کریز پر ٹکنے کا موقع فراہم کیا۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ  نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا لیے۔ دوسرے روز نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے 52 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ ٹام لیتھم 33 اور ٹام بلنڈل 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ راس ٹیلر بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 12 رنز بنا کر بنے۔

74رنز کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے ہنری نکولس کو آؤٹ کیا لیکن وہ گیند نو بال ہو گئی اور ہنری نکولس نے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا اور ولیمسن کے ساتھ مل کر بڑی شراکت دار ی قائم کی۔ 86 رنز کے انفرادی اسکور پر قومی کپتان محمد رضوان نے ہنری نکولس کا کیچ چھوڑ کر ایک اور موقع فراہم کیا۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر کین ولیمسن 112 اور ہنری نکولس 89رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور محمد عباس نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 11 رنز درکار ہیں۔