Saturday, April 20, 2024

کرائسٹ چرچ حملہ ، سفید فام دہشتگرد برینٹن ٹیرنٹ پر 50 قتل اور 39 اقدام قتل کی دفعات لگا دی گئیں

کرائسٹ چرچ حملہ ، سفید فام دہشتگرد برینٹن ٹیرنٹ پر 50 قتل اور 39 اقدام قتل کی دفعات لگا دی گئیں
April 5, 2019

 کرائسٹ چرچ (92 نیوز) کرائسٹ چرچ حملے میں ملوث سفید فام  دہشت گرد پر  پچاس افراد کے قتل اور اقدام قتل کی فرد جرم عائد  کردی گئی۔ عدالت نے  ملزم کے نفسیاتی تجزیے کا حکم بھی دے دیا۔

 کرائسٹ چرچ کی عدالت میں  دو مساجد پر حملوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔ آکلینڈ کی ہائی سکیورٹی جیل میں قید ملزم  برینٹن ٹیرنٹ  کو وڈیو لنک کے ذریعے  پیش کیا گیا۔ 

 بیس منٹ تک جاری رہنے والی اس  سماعت میں  ٹیرنٹ پر پچاس افراد کے  قتل اور  انتالیس اقدام قتل  کے چارجز لگائے گئے  ۔ عدالت نے ملزم کے  نفسیاتی معائنے کا حکم   دیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا وہ ٹرائل کیلئے فِٹ ہے یا نہیں۔

 عدالت نے ملزم کے ریمانڈ میں چودہ جون تک توسیع کردی ۔ سماعت کے دوران شہید ہونے والوں کے  اہلخانہ بھی عدالت میں موجود تھے۔

 نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں انچاس افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

کرائسٹ چرچ میں دو مساجد النور اور linwood میں ہولناک فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے۔ سفاک حملہ آوروں نے جمعہ کی نماز ادا کرنے والے افراد کو گولیوں سے چھلنی کر ڈالا تھا۔

واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں خاتون سمیت چار افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں ایک بیس سالہ نوجوان پر قتل کی فرد جرم بھی عائد کردی گئی تھی۔ پولیس نے وقوعہ کے قریب کھڑی دو گاڑیوں میں نصب بموں کو بھی ناکارہ بنا دیا تھا۔ گاڑی سے بھاری اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

 وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں پرتشدد واقعات کی کوئی جگہ نہیں۔ مساجد پر حملہ دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں۔