Thursday, May 9, 2024

کثیر ملکی عسکری مشق ” ایسز میٹ 1-2021 “ اختتام پذیر

کثیر ملکی عسکری مشق ” ایسز میٹ 1-2021 “ اختتام پذیر
April 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کثیر ملکی عسکری مشق ”ایسز میٹ 1-2021“ اختتام پذیر ہوگئیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر کموڈور علی نعیم ظہور، بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف تھے۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی، ائیر وائس مارشل (پائلٹ) / سٹاف عود عبداللہ الزہرانی ڈیفنس اتاشی سعودی عرب، کرنل والن ڈیوڈ ائیر اتاشی امریکہ، بحرین، مصر اور اردن کے مبصرین بھی شامل تھے۔

ائیر کموڈور علی نعیم نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، عسکری مشق ایسز میٹ نے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ہم دوست اور اتحادی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا، موجودہ کوویڈ 19 صورتحال کے باوجود کامیاب عسکری مشقوں کے انعقاد پر پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

امریکی ائیر اتاشی کرنل والن ڈیوڈ نے مشقوں کی کامیاب تکمیل پر پاک فضائیہ کو مبارکباد دی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایسز میٹ 1-2021 مشقوں میں پاک فضائیہ، امریکی فضائیہ اور سعودی فضائیہ نے بھرپور گرمجوشی سے حصہ لیا۔ مصر، اردن اور بحرین کی فضائیہ کو بطور مبصر مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی۔