Thursday, May 9, 2024

کتے کے کاٹنے کی ویکسین سے کوئی مراتو ذمہ دار سیکرٹری  صحت ہونگے ، سندھ ہائیکورٹ

کتے کے کاٹنے کی ویکسین سے کوئی مراتو ذمہ دار سیکرٹری  صحت ہونگے ، سندھ ہائیکورٹ
October 16, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں آوارہ کتوں کی بھرمار اور ویکسین نہ ہونے سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ   الیکشن لڑنے کے وقت کچھ ہوتے ہیں اور اب کام نہیں کیا جارہا ، اگر کتے  کے کاٹنے کی ویکسین کی عدم دستیابی سے کوئی مرا تو سیکرٹری صحت ذمہ دار ہوں گے ، ویکسین کی عدم دستیابی کا ذمہ دار محکمہ صحت کو قرار دیا جائے گا  ۔ کراچی میں آوارہ کتوں کی بھرمار اور ویکسین کی عدم دستیابی  کو سندھ ہائیکورٹ اہم معاملہ  قرار دیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے کہا آپ کے پاس ویکسین نہیں، سندھ میں کیا ہورہا ہے   ۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ 17 ہزار 837 ویکسین موجود ہے  ، عدالت نے کہا ویکسین ہیں تو لاڑکانہ میں کیوں دستیاب نہیں ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا آوارہ کتے نے 23 افراد کو کاٹ لیا،اس پر کون ایکشن لے گا، اور سینٹرل انتظامیہ کیا کررہی ہے   ۔ ڈی ایم سی سینٹرل کے وکیل نے گاڑیاں نہ ہونے کی بے بسی ظاہر کردی ۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ سول اور جناح اسپتال کو فوری ضرورت پر ویکیسن خریدنے کی اجازت ہے  ، عدالت نے کہا کیا کتے پکڑنا راکٹ سائنس ہے  ،  یہی صورتحال ہے تو سندھ حکومت ٹاسک فورس بناکر کام کرے ۔ سندھ ہائیکورٹ نے سیکرٹری بلدیات کو شوکاز نوٹس جاری کرتے  ہوئے سماعت  22 اکتوبر تک ملتوی کردی  جبکہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری صحت اور سیکرٹری بلدیات کی عدم حاضری پر انتہائی اقدام کا اشارہ بھی دیا ۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے اعدادو شمار کے مطابق اگست تک صوبے میں ایک لاکھ 41 ہزار 500 سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹا  ، 16 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ صرف کراچی کے 3 اسپتالوں میں 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے  ، جناح، سول اور انڈس اسپتال میں مفت ویکسین فراہم کی جارہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق قمبر میں 11 ہزار 900، دادو میں 11 ہزار 300 اور نوشہرو فیروز میں 10 ہزار سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹا ۔