Friday, May 10, 2024

کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے پر رتوڈیرو اور جامشورو کے ایم پی ایز معطل

کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے پر رتوڈیرو اور جامشورو کے ایم پی ایز معطل
March 18, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے پر رتوڈیرو اور جامشورو کے ایم پی ایز کو معطل کر دیا۔

عدالت نے صوبائی الیکشن کمیشن کو دونوں ایم پی ایز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دیدیئے ۔ عدالت نے سیکرٹری صحت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ رتوڈیرو اور جامشورو میں کتوں کے کاٹنے سے بچوں کے چہرے متاثر ہوئے ، متعلقہ ایم پی ایز اپنے حلقے کے عوام کو سہولتیں  فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

عدالت نے سیکرٹری صحت سے صوبے میں اینٹی ریبیز ویکسین کی موجودگی پر رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے انتباہ دیا کہ دیگر ایم پی ایز سنجیدگی سے یہ معاملہ دیکھیں ورنہ انکے خلاف بھی اس طرح کی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اب کہیں کوئی واقعہ پیش آیا تو ذمے دار متعلقہ ایم پی اے ہو گا۔ عدالت نے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو فیصلے کی کاپی ہر ایم پی اے کو دینے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب رتوڈیرو کے شہریوں نے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یقیناً فریال تالپور نے کوئی کام نہیں کیا، چھوٹے چھوٹے بچے کتوں کے حملوں میں زخمی ہو رہےہیں۔ عدالت کے سخت فیصلوں سے ہی یہ ایم پی اے کام کرنے پر مجبور ہونگے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں کتوں کی بہتات ہے، آئے روز کوئی نہ کوئی  آوارہ کتوں کا نشانہ بن جاتا ہے، عدالتوں کو ہی نظام ٹھیک کرنے کیلئے کوئی قدم اٹھانا پڑے گا۔