Friday, May 10, 2024

کبڈی کے عالمی میلہ کے لیے فیصل آباد کے شہریوں کا جوش و ولولہ دیدنی

کبڈی کے عالمی میلہ کے لیے فیصل آباد کے شہریوں کا جوش و ولولہ دیدنی
February 9, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی کا عالمی میلہ آج سے لاہور میں سجے گا ایسے میں فیصل آباد کے شہریوں کا جوش و ولولہ بھی قابل دید ہے، اقبال اسٹیڈیم میں ایونٹ کے 8 بڑے میچز کا شائقین کس بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ فیصل آباد کا اقبال اسٹیڈیم بھی میگا ایونٹ کے 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔ جہاں عالمی ٹیموں میں شامل پہلوان مٹی میں مٹی ہو کر سونے جیسے داؤ پیچ لڑائیں گے، ایونٹ کی شان بڑھائیں گے۔ کبڈی کے مبصر طیب گیلانی بھی ایونٹ کے انعقاد پر پرجوش ہیں، کہتے ہیں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کبڈی کا ورلڈ کپ ہونے جا رہا ہے، جس سے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ کھیلوں کا کوئی بھی روپ ہو، سوہنی دھرتی ہر کھیل اور کھلاڑی کے لیے محفوظ ہے۔ دوسری جانب کبڈی کے شائقین بھی بین الاقوامی کھلاڑیوں کی کو خوش آمدید کہنے کو بے تاب ہیں، کہتے ہیں پنجاب کی ثقافت کبڈی کا عالمی میلہ سجے گا تو میچ دیکھنے ضرور جائیں گے۔ کبڈی ورلڈ کپ کے 26 میچز میں سے 11 اور 12 فروری کو 8 میچوں کی میزبانی فیصل آباد کرے گا جن میں پاکستان کے آسٹریلیا اور آزربائی جان کے مابین ہونے والے میچز میں تگڑے مقابلوں کی توقع ہے۔