Friday, May 10, 2024

کبڈی ورلڈ کپ ، پاکستان نے کینیڈا کو شکست دیدی

کبڈی ورلڈ کپ ، پاکستان نے کینیڈا کو شکست دیدی
February 9, 2020
لاہور ( 92 نیوز) کبڈی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کینیڈا کی ٹیم کو چاروں خانے چت کردیا، ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر چودھری پرویز الہیٰ بھی شریک ہوئے۔ زندہ دلان لاہور کے شہر میں کبڈی کا عالمی میلہ سج گیا،ورلڈ کپ کے باضابطہ آغاز سے قبل پنجاب سٹیڈیم لاہور میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا،،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے  خصوصی شرکت کی اس موقع پر خوبصورت مارچ پاسٹ بھی پیش کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کے پہلوانوں کی ایک نہ چلنے دی اور بڑے مارجن  سےافتتاحی میچ اپنے نام کیا۔ کبڈی میچ دیکھنے پنجاب اسٹیڈیم میں آئے شائقین خاصے پرجوش اور پاکستان کی جیت پر پھولے نہیں سما رہے تھے۔ کبڈی ورلڈکپ دیکھنے کیلئے پنجاب سٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔