Friday, March 29, 2024

کانگریس کا نعرہ ’’ملک کا چوکیدار ہی چور ہے ‘‘ بھارت میں مقبول

کانگریس کا نعرہ ’’ملک کا چوکیدار ہی چور ہے ‘‘ بھارت میں مقبول
March 13, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) کانگریس کا نعرہ ’’ ملک کا چوکیدار ہی چور ہے‘‘ بھارت میں مقبول ہونے لگا ہے۔ رافیل طیاروں کی ڈیل میں مبینہ کرپشن کے خلاف بھارتی طلبہ بھی میدان میں نکل آئے ، طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹ  یونین آف انڈیا نے مودی کے خلاف بھارت کے متعدد تھانوں میں ایف آئی آر جمع کرادی۔ گلی گلی میں شور ہے ، چوکیدار چور ہے ،یہ نعرے بھارت کے طلبہ لگا رہے ہیں ۔ پاکستان سے زوردار طمانچہ کھانے کے بعد اب مودی سرکار رافیل طیاروں کی ڈیل میں مبینہ کرپشن میں پھنستی نظر آرہی ہے۔ کانگریس نے رافیل کا ایشو اٹھایا اور مودی کی چوری کا نعرہ اپنی الیکشن مہم کا حصہ بنایا مگر اب بھارتی عوام بھی ووٹ دینے سے پہلے مودی سے سوالات پوچھ رہے ہیں۔ بھارت کی طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا نے پہلے مودی کے خلاف احتجاج کیا اور خوب نعرے بازی کی۔ طلبہ تنظیم نے مودی کے خلاف ایک نہیں بلکہ دہلی کے متعدد تھانوں میں درخواست دی کہ رافیل طیاروں کی دستاویزات چوری کا ذمہ دار مودی ہے اس کے خلاف تحقیقات کی جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تنظیم کی درخواست پر مودی کے خلاف  ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ آف انڈیا نے مودی سرکار کو عدالت میں رافیل ڈیل کی دستاویزات چوری پر بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور وضاحت طلب کی ہے کہ انہوں نے دستاویزات چوری ہونے پر اب تک کیا کارروائی کی ہے۔