Friday, April 26, 2024

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے نو برس بیت گئے

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے نو برس بیت گئے
April 22, 2020
 کراچی (92 نیوز) کامیڈی کے بے تاج بادشاہ ، ورسٹائل فنکار معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے نو برس بیت گئے۔ معین اختر چوبیس دسمبر 1950 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پی ٹی وی  سے اپنےفنی کیرئیر کا آغاز کیا  تاہم انہیں شہرت اسٹیج ڈراموں سے ملی۔ بکرا قسطوں پر بڈھا گھر پر ہے اور  یس سر نو سر ڈراموں نے خوب دھوم مچائی۔ ٹیلی ویژن کا رخ کیا تو یہاں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ آنگن ٹیڑا، آخری گھنٹی، انتظار فرمائے، ہاف پلیٹ ، عید ٹرین خوب مشہور ہوئے۔ روزی ڈرامے میں خاتون کا کردار نبھایا اور کیا خوب نبھایا۔ ٹی وی پر انہوں نے انور مقصود اور بشریٰ انصاری کے ساتھ مل کر کئی شاہکار پروگرام پیش کیے۔ معین اختر نے بڑی اسکرین پر بھی ادکاری کے جوہر دیکھائے۔ تم سا نہیں دیکھا، مسٹر کے ٹو، مسٹر تابعدار میں مشہور فلمیں ہیں۔ معین اختر کو ان کی ہمہ جہت فنکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی اہم قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا ۔ پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے والے معین اختر بائیس اپریل 2011 کو کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے لیکن ان کی یادیں آج بھی مداحوں کے چہروں پر موجود مسکراہٹوں میں زندہ ہیں۔