Friday, April 26, 2024

اسٹیج کے بےتاج بادشاہ عمرشریف جرمنی میں انتقال کرگئے

اسٹیج کے بےتاج بادشاہ عمرشریف جرمنی میں انتقال کرگئے
October 2, 2021 ویب ڈیسک

برلن (92 نیوز) ون مین شو ہمیشہ کے لیے جدا، چہرے پر مسکراہٹیں بکھیرنے والا عمرشریف سب کو دکھی کرگیا، اسٹیج کے بےتاج بادشاہ عمرشریف جرمنی میں انتقال کرگئے۔ 

اداکار عمر شریف کے انتقال کی اہل خانہ نے تصدیق کی، وہ 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ عمر شریف کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹروں نےعمر شریف کو علاج کیلئے امریکا کے اسپتال میں داخل کرانے کا کہا تھا۔

عمر شریف کو منگل 28 ستمبر کو ایئرایمبولنس میں روانہ کیا گیا تھا۔ایئر ایمبولنس کا پہلا اسٹاپ جرمنی تھا، جہاں لینڈنگ کے بعد طیارے میں سوار عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکے بخار کا کہہ کر نیورمبرگ کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

عمر شریف کا اسپتال میں ڈائیلاسز بھی ہوا تھا۔ نورمبرگ کےاسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمرشریف کی حالت بگڑ گئی تھی۔

اسٹیج کے بےتاج بادشاہ عمر شریف نے اداکاری، کمپیئرنگ، صداکاری، اسکرپٹ رائٹنگ، ہدایت کاری، نغمہ نگاری اور فلم سازی میں اپنا لوہا منوایا اور دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنے۔

عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974 میں 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔ عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔ اُنہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

لیجنڈ عمرشریف کو شاندارخدمات پر تمغہ امتیاز سمیت کئی ملکی اور غیرملکی ایوارڈز سے نوازا گیا۔