Tuesday, May 21, 2024

کامیڈی کنگ امان اللہ کو ہم سے بچھڑے ایک برس بیت گیا

کامیڈی کنگ امان اللہ کو ہم سے بچھڑے ایک برس بیت گیا
March 6, 2021

لاہور (ویب ڈیسک) چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے کامیڈی کنگ امان اللہ کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا۔

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ امان اللہ خان نے 1954ء میں گوجرانوالہ کے ایک متوسط گھرانے میں آنکھ کھولی۔ بچپن سے ہی مزاح ان کی طبیعت کا نمایاں حصہ تھا۔

امان اللہ نے کامیڈی کا باقاعدہ آغاز 1995 میں تھیٹر سے کیا۔ شروعات چند چھوٹے موٹے کرداروں سے کی، لیکن جب شائقین نے پسند کرنا شروع کیا تو تھیٹر کا دوسرا نام امان اللہ پڑگیا۔ 2006ء میں فلم ” ون ٹو کا ون ‘‘ اور پھر 2014ء میں فلم ”نامعلوم افراد” میں بھی کردار نبھایا۔

امان اللہ نے انتھک محنت اور لگن سے ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامہ پیش کیا، بیسیوں ڈراموں کو اپنی کامیڈی سے یاد گار بنا دیا۔ امان اللہ نے ٹی وی شوز میں بھی کا م کیا۔ ہمسایہ ملک بھارت سمیت مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور ملک کا نام روشن کیا۔ حکومت نے 2018ء میں انہیں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔

امان اللہ نے 3 شادیاں کیں، 7 بیٹے اور 7 بیٹیاں ہیں، 2018ء میں گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے اور 2020ء میں ان بیماریوں سے لڑتے ہوئے 6 مارچ کو دم توڑ دیا لیکن کامیڈین امان اللہ کے قہقہے آج بھی شائقین کے دلوں میں دھڑک رہے ہیں۔