Thursday, May 9, 2024

کامیاب جوان پروگرام شروعات ہے، اس طرح کے مزید پروگرام لائیں گے ، وزیراعظم

کامیاب جوان پروگرام شروعات ہے، اس طرح کے مزید پروگرام لائیں گے ، وزیراعظم
December 6, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کامیاب جوان پروگرام شروعات ہے، اس طرح کے مزید پروگرام لائیں گے۔ اسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اسد عمر، فیصل جاوید، عثمان ڈار اور دیگر رہنماؤں کے علاوہ ملک بھر سے آئے نوجوانوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار کیلئے قرضوں کے چیک تقسیم کیے۔ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 سے 15 لاکھ نوجوانوں نے اپلائی کیا۔ قرض پروگرام میں خواتین کی شرکت باعث مسرت ہے۔ قرض لینے والے نوجوانوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ کامیاب معاشرے کاروبار شروع کرنے والوں کو سہولتیں دیتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرضے کیلئے درخواستیں دیں۔ حکومت کا کام ہوتا ہے کہ نوکریاں پیدا کرے۔ پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کا خیال رکھنا ہے۔ لوگوں کو امید ہے حکومت کاروبار کیلئے سہولت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا جو محنت کرتا ہے وہ ہمیشہ اوپر آتا ہے۔ بیرون ملک پاکستانی ہمارے لیے قابل فخر ہیں۔ معاشروں کی کامیابی کا راز میرٹ اور شفافیت میں ہے۔ جس ملک کا میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے وہ آگے نکلتا ہے۔ امریکا میں ٹاپ کے بزنس مین پاکستانی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو سہولتیں دیں گے۔ چھوٹے کاروباری افراد محنت کرکے ملک کو آگے لے جاتے ہیں۔ ہم آسانیاں پیدا کرتے جائیں گے۔ خواتین کو مواقع دینے کی بہت ضرورت ہے۔ وزیراعظم بولے پاکستان میں ٹورازم کا بہت پوٹینشل ہے۔ سب سے زیادہ نوکریاں ٹورازم میں ملیں گی۔  عالمی درجہ بندی میں پاکستان کاروبار کیلئے سہولت پیدا کرنیوالے ممالک میں 25 ویں نمبر پر آ گیا۔