Thursday, April 25, 2024

کاموری طوفان فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا

کاموری طوفان فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا
December 3, 2019
فلپائن ( 92 نیوز) طاقتور سمندری طوفان کاموری طوفان فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا ، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں  نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا ۔ ادھر امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں کو سرد طوفان بم نے منجمد کردیا ہے، ریاست نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ طاقتور سمندری طوفان کاموری  فلپائن کے جزیرے لزون سے ٹکراگیا ، 235 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور موسلادھار بارش نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کر دیے گئے  جبکہ فضائی سفر بھی معطل کردیا گیا ہے ،  کاموری  رواں سال فلپائن سے ٹکرانے والا بیس واں سمندری طوفان ہے ، جس کی وجہ سے دو لاکھ افراد اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ دوسری جانب  امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں کو سرد طوفان بم نے منجمد کرڈالا ہے ، بارش اور برفباری نے لوگوں کو گھروں میں محصور کرڈالا ہے ۔ نیویارک، پنسلوانیا، نیوجرسی، کنیکٹی کَٹ، میساچوسٹس، جنوبی ورموٹ، جنوبی ہمپشائر، مین میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے ، نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ خراب موسم کے باعث چار ہزار پروازیں منسوخ یا معطل ہوئی ہیں،، حکام نے لوگوں کو بنا ضرورت باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔