Sunday, April 28, 2024

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا
April 14, 2018
گولڈ کوسٹ ( 92 نیوز ) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا ۔پاکستانی ریسلر محمد انعام نے 86کلوگرام کیٹگری میں سونے کا تمغہ حاصل  کر کے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، 86کلو گرام کیٹیگری میں قومی ریسلر محمد انعام نے دیار غیر میں قومی پرچم بلند کیا ۔ پاکستانی ریسلر نے فیصلہ کن معرکے میں نائجرین  ریسلر کو دھول چٹائی، محمد انعام نے نائجرین حریف کو مکمل طور پر بے بس کیے رکھا، اور چھ صفر سے مقابلہ اپنے نام کیا۔ پاکستان  کے ریسلر طیب رضا نے 125کلو گرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا،ایونٹ میں پاکستان کے تمغوں کی تعداد پانچ ہو گئی،جس میں ایک طلائی اور چار کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی محمد انعام کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی  جب کہ قومی ریسلر کے گھر پر جشن منایاگیا،محمد انعام کی والدہ کا کہنا تھا اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بیٹے نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انعام بٹ کے بھا ئی نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا بھائی نے حکومت سے ایونٹ کی تیاری کے لیے  پیسے مانگے لیکن حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔