Saturday, April 20, 2024

کام نہ کرنے کا بہانہ یا انکوائری کا ڈر،چیف کمرشل مینجر ریلوے کی 2سال چھٹی کی درخواست

کام نہ کرنے کا بہانہ یا انکوائری کا ڈر،چیف کمرشل مینجر ریلوے کی 2سال چھٹی کی درخواست
August 26, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) کام نہ کرنے کا بہانہ یا انکوائری کا ڈر ، چیف کمرشل مینجر ریلوے نے لمبی چھٹی مانگ لی۔چیف کمرشل مینجر ریلوے محمد حنیف گل نے 2سال چھٹی کی درخواست دیدی ۔ حنیف گل نے موقف اپنایا کہ نئے وزیر ریلوے کو سرکاری آداب کا ادراک ہے نہ ہی وہ پروفیشنل ہیں۔ نئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کے چارج سنبھالتے ہی کئی افسروں کو اپنا مستقبل خطرے میں نظر آنے لگا ، شیخ رشید نے آرام حرام ہے کا سلوگن متعارف کرایا تو چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے 2 سال کی چھٹی کیلئے درخواست دے دی۔ حنیف گل نے نئے وفاقی وزیرِ ریلوے کے ساتھ کام کرنے سے معذرت  کرتے ہوئے درخواست چیئرمین ریلوے جاوید انورکو ارسال کی ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نئے وزیرریلوے نان پروفیشنل اورناشائستہ رویے کے حامل ہیں،  ان کے ماتحت کام کرنا ممکن نہیں۔ دوسری جانب  باخبرذرائع کچھ اور ہی حقائق بتاتے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمرشل منیجر حنیف گل کو اپنے خلاف انکوائری شروع ہونے کا خوف بھی لاحق ہے اس لیے انہوں نے رخصت لے کر جان بچانے میں ہی عافیت جانی ہے۔ اب وزیرِ ریلوے کے رویے کا مسئلہ ہے یا ریلوے کے اعلیٰ افسر کو اپنی کھال بچانے کی فکر پڑ گئی ہے، بلی جلد ہی تھیلے سے باہر آ جائے گی۔