Thursday, April 18, 2024

کالے شیشوں کی گاڑی استعمال کرنا فیشن بن  چکا ہے :وفاقی وزیرداخلہ

کالے شیشوں کی گاڑی استعمال کرنا فیشن بن  چکا ہے :وفاقی وزیرداخلہ
April 22, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ کالے شیشوں والی گاڑی استعمال کرنا فیشن بن چکا ہے ،پولیس افسروں نے اپنے رشتے داروں کو دیکھنا ہے تو  وردیاں اُتار کر گھروں کو چلے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کہتے ہیں کہ پاکستان کے طول و عرض میں پھیلی خوف کی فضا ختم کرکے دم لیں گے، پولیس اہلکاروں کو جرائم کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،کردار ادا نہ کرنے والے وردی اُتار کر گھر بیٹھ جائیں۔ اسلام آباد میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد  اس ملک کا امن برباد کرنے کے لئے موقع کی تلاش میں ہیں، ایسے پولیس اہلکار چاہئیں جو اس ملک پر مر مٹنے کے لئے تیار ہوں  اور جن کے دائرہ کار میں ایک پتا بھی نہ ہلے۔ دریں اثنا چودھری نثار نے کہا کہ کالے شیشوں کی گاڑی استعمال کرنا فیشن بن  چکا ہے۔ ایس پی کے بھائی کو کالے شیشوں والی گاڑی استعمال کرنے سے روکنے والے اہلکاروں کی معطلی پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ اگر پولیس افسروں نے اپنے رشتے داروں کو دیکھنا ہے تو  وردیاں اُتار کر گھروں کو چلے جائیں۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نے  معطل کئے جانے والے تین پولیس اہلکاروں کو نہ صرف بحال کیا بلکہ انعام سے بھی نوازا۔