Thursday, April 25, 2024

کالعدم جماعت کیساتھ 8 گھنٹے تک مذاکرات کئے، منگل یا بدھ تک کیس واپس لے لیں گے، شیخ رشید

کالعدم جماعت کیساتھ 8 گھنٹے تک مذاکرات کئے، منگل یا بدھ تک کیس واپس لے لیں گے، شیخ رشید
October 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت کے ساتھ 8 گھنٹے تک مذاکرات کئے۔ منگل یا بدھ تک کیس واپس لے لیں گے۔

اتوار کے روز وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم کو مذاکرات بارے تفصیلات سے آگاہ کردیا۔ ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے کنٹینر ہٹانے کا حکم دیدیا، جی ٹی روڈ سے کنٹینر نہیں ہٹائے جائیں گے۔ کالعدم جماعت کے 176 لوگ زیر حراست ہیں۔ احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، حکومت کا کام جوڈو کراٹے کرانا نہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام پاکستانی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کو تیار ہوں، مہنگائی سے متاثر کوئی بھی فرد اپوزیشن کے ساتھ شریک نہیں۔ لوگ ابھی سے الیکشن مہم پر نکل پڑے ہیں۔ مذہبی لوگوں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہونا چاہئے، ہم ختم نبوتﷺ کے سپاہی ہیں’

اُن کا کہنا تھا کہ فورتھ شیڈول کو بھی دوبارہ دیکھا جائے گا۔ فرانسیسی سفیر کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ قوم جوش و جذبے کیساتھ پاک بھارت میچ کی منتظر ہے۔ ابھی سو جاؤں گا اور پھر اٹھ کر میچ دیکھوں گا۔