Friday, May 17, 2024

کالعدم جماعت سے مذاکرات کیلئے علما مشائخ کی 12 رکنی کمیٹی قائم

کالعدم جماعت سے مذاکرات کیلئے علما مشائخ کی 12 رکنی کمیٹی قائم
October 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کالعدم جماعت تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے علما مشائخ کی 12 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مذہبی اُمور پیر نور الحق قادری نے کہا علماء کرام نے وزیراعظم سے ملاقات کی، تمام معاملے کے پُرامن حل کے لیے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ان سے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سنجیدہ مذاکرات کو ویلکم کیا ہے، ملک کو خون خرابے سے بچانے کے لیے آپ کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 12 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو حکومت اور کالعدم جماعت کی قیادت سے رابطے میں ہے۔ مزید کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ علماء کی شراکت سے بہتری کی فضا بن جائے گی۔

نور الحق قادری نے کہا وزیراعظم عمران خان ہر بحران سے نکلنا جانتے ہیں، ان کی باڈی لینگویج میں ہمیشہ سکون ہوتا ہے۔ کہا کہ وزیراعظم پر امید ہے جلد کوئی راستہ نکلے گا، رٹ کی بحالی کے لئے ریاست کا اپنا موقف ہے۔ وزیراعظم نے اُمید کا اظہار کیا مذکرات کا نتیجہ نکلے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے نیوزکانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا مختلف جگہوں پر مختلف مذاکرات چل رہے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے تھوڑا وقت دینا چاہئے، امید ہے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ اُنہوں نے کہا اگرمظاہرین آگے بڑھے تو مذاکرات کے سبوتاژ ہونے کا خطرہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم نے بتایا ہے کہ وہ کوئی خون خرابا نہیں چاہتے لیکن ملکی سلامتی اور حکومتی رٹ پر بھی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔ مظاہرین سے درخواست ہے کہ وہ تشدد کا راستہ اختیات نہ کرے، مذاکرات کی کامیابی تک اگر آگے نہیں برھتے تو کوئی تشدد نہیں ہوگا۔

اس سے قبل ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے علماء کرام کے وفد نے ملاقات کی، ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔