Thursday, March 28, 2024

کالعدم تنظیم کا دھرنا، صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے وفاقی حکومت متحرک

کالعدم تنظیم کا دھرنا، صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے وفاقی حکومت متحرک
October 23, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) کالعدم تنظیم کا دھرنا، صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہوگئی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا، وفاقی و صوبائی وزرا، آئی جی پنجاب نے شرکت کی۔

سعد رضوی سے مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم کوٹ لکھپت جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیم میں ایک وفاقی اور ایک صوبائی وزیر شامل ہوگا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے علمائے کرام سے رابطے کیے، کہا حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔

کالعدم تنظیم کا قافلہ لاہور سے نکلنے کے بعد شہر میں انٹرنیٹ سروسزمکمل طور پر بحال کردی گئیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

وزارت داخلہ نے قافلے کےراستےمیں آنیوالےشہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کالاشاہ کاکو، مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات میں انٹرنیٹ سروسز بند رہیں گی۔

وزیر آباد جی ٹی روڈ پر انتظامیہ نے خندق کھود ڈالی۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ مختلف مقامات پر بلاک ہے۔ جی ٹی روڈ مریدکے اور ظفرعلی چوک جنڈیالہ کے قریب بلاک ہے۔ گجرات میں دریائے چناب کے ٹال پلازہ پر بھی جی ٹی روڈ بند ہے۔ جہلم ٹول پلازہ اور سرائےعالمگیر نہر کا پل بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔

راولپنڈی کی شاہراہوں پر رکاوٹیں رکھی گئی ہیں۔ مری روڈ، فیض آباد سے آنے اور جانے کیلئے دونوں اطراف مکمل طور پر بند ہیں۔

اسلام آباد، سرینہ چوک اور ڈی چوک پر بھی کنٹینرز رکھ دئیے گئے، تاہم ایکسپریس وے دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کو مظاہرین سے محفوظ رکھنے کیلئے وزارت داخلہ نے ہنگامی اقدامات کا اعلان کردیا۔ دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی گئی، پنجاب، آزادکشمیر اور خیبرپختونخوا سے پولیس کے 30 ہزار جوان مانگے گئے ہیں۔

مظاہرین سے جھڑپوں میں زخمی پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے سی سی پی او لاہور نے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ سی سی پی او لاہور نے زخمیوں کو پھول اور امدادی چیک بھی دیئے۔