Sunday, September 8, 2024

کالاباغ ڈیم قبول نہیں‘ ڈیم بنا تو سندھ بنجر ہو جائیگا : قائم علی شاہ

کالاباغ ڈیم قبول نہیں‘ ڈیم بنا تو سندھ بنجر ہو جائیگا : قائم علی شاہ
March 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ 1991ءکے معاہدے کو بنیاد بنا کر فلڈ کنٹرول کا پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا تربیلا ڈیم کسی صورت قبول نہیں۔ کالاباغ ڈیم بنا تو سندھ بنجر ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے سندھ ہاﺅس اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلڈ کنٹرول کا محکمہ وفاق کے ماتحت ہے۔ اس کے اخراجات بھی وفاق برداشت کرے۔ 2010ءمیں سندھ میں سیلاب سے نقصانات ہوئے۔ پیپلزپارٹی کی ہی وفاق میں حکومت تھی مگر وعدے پورے نہیں کئے گئے۔ آخری اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ سیلاب کو روکنے کی حکمت عملی مرتب ہو گی۔ 2010ءمیں سارے ملک کا سیلاب سندھ میں آیا کیوں کہ سیلاب کی آخری منزل سندھ ہی ہے۔ ہمارے دس اضلاع تباہ ہوئے۔ انفراسٹرکچر متاثر ہوا جس کا سارا خرچ سندھ حکومت نے اٹھایا۔ اس وقت وفاق میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود ہم سے صرف وعدے ہوئے۔ انہوں نے کہا اجلاس میں ڈیمز کی بات ہوئی ہم نے واضح کہہ دیا ہے کہ تربیلا سے نیچے کوئی ڈیم نہ بنایا جائے۔ کالاباغ ڈیم کسی صورت نہیں بننا چاہئے۔ کالاباغ ڈیم سے سندھ مکمل طور پر بنجر ہو جائے گا۔ کالا باغ ڈیم کی بات بھی نہیں کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا اس حکومت نے تھرپارکر کے علاقے سمیت کئی وعدے پورے کیے جبکہ نواز شریف کے وعدے تکمیل کو ترس رہے ہیں۔ پانی کے حوالے سے سندھ کے ساتھ ہمیشہ زیادتی ہوئی اور جو وعدے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے۔ قائم علی شاہ نے کہا ایم کیو ایم کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک نہیں کیا جا رہا۔ اسمبلی میں وہ سپیکر کو بھی نہیں بولنے دیتے۔ مصطفیٰ کمال کی پارٹی کا معاملہ ان کا ہے ہمارا نہیں۔ انہوں نے کہا انیس کا کیس رینجرز سے پوچھا جائے کہ اگر وہ مطلوب ہیں تو گرفتار کیوں نہیں کر رہے۔