Thursday, May 9, 2024

کاغذات نامزدگی میں حلف نامے میں تبدیلی ختم کرنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور

کاغذات نامزدگی میں حلف نامے میں تبدیلی ختم کرنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور
October 5, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی نے کاغذات نامزدگی میں حلف نامے میں تبدیلی ختم کرنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔
قومی اسمبلی میں وزیر قانون زاحد حامد نے الیکشن بل 2017 میں ترمیم کا بل پیش کیا۔ اس موقع پر زاہد حامد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات میں 8 قوانین کی شقوں پر طویل بحث کی گئی تھی۔ میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا کہ ختم نبوت کے حوالے سے کوئی ایسی ویسی بات کروں۔ تمام سیاسی پارٹیوں نے محسوس کیا کہ اس معاملے کو چھیڑنا ہی نہیں چاہئے تھا جب کہ اصل قانون میں جو شکل ہے اسے اسی طرح بحال کیا جانا چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ ہے کہ دونوں شقوں کو لفط بہ لفظ 2002 کی طرح بحال کیا جائے۔
حلف نامے میں تبدیلی ختم کرنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظوری کے بعد امیدواروں سے ختم نبوت کا پرانا حلف نامہ بحال ہوگیا ہے جب کہ ترمیمی بل اب سینٹ سے بھی دوبارہ منظور کرایا جائے گا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ معاملہ غلطی نہیں تھی۔ ذمہ داروں کو سامنے آنا چاہیے۔
سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی نے وزیر قانون زاہد حامد کو اس ترمیم کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔
اس سے قبل سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماء شریک ہوئے۔
اجلاس میں اتفاق رائے کے بعد بل اسمبلی میں پیش کیا گیا۔